برلن،22جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جرمنی میں پولیس نے دو ایرانی ٹرکوں کو قبضے میں لے لیا ہے جو منشیات سے بھرے ہوئے تھے۔ ٹرکوں میں موجود ہیرئن کو مختلف یورپی ممالک میں تقسیم کیا جانا تھا۔جرمن ریڈیو ’’ڈوئچے ویلے‘‘کے مطابق پولیس نے ترکی سے آنے والے مذکورہ دونوں ٹرکوں کو منگل کی شام قبضے میں لیا جب کہ ان کے ایرانی ڈرائیوروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا جن کی عمریں 37اور 41برس ہیں۔
پولیس کی جانب سے تربیت یافتہ کتوں کی مدد سے تلاشی لینے پر دونوں ٹرکوں سے 150کلو گرام ہیرئن برآمد ہوئی جس کی مالیت لاکھوں یورو بنتی ہے۔جرمنی میں وفاقی اٹارنی جنرل نے بتایا ہے کہ یہ دونوں ٹرک ایران سے روانہ ہوئے اور پھر ترکی کے راستے جرمنی میں داخل ہوئے۔
یاد رہے کہ جرمن پولیس نے 9اکتوبر 2014کو بھی ہیرئن سے بھرے ایک ایرانی ٹرک کو قبضے میں لیا تھا۔ ٹرک میں تقریبا 330کلو گرام ہیرئن کو سِرکے میں ڈوبے کھیرے اور لہسن کے ڈبوں میں چھپایا گیا تھا۔ پولیس نے اُس وقت اسمگلنگ مارکیٹ کے نرخوں کے لحاظ سے مذکورہ ہیرئن کی قیمت کا اندازہ 5کروڑ یورو لگایا تھا۔